کراچی میں 6 دسمبر سے 13 دسمبر 2025ء تک منعقد ہونے والے قومی کھیلوں میں پاکستان پولیس کی مختلف ٹیموں نے بھرپور شرکت کی، جن میں سندھ پولیس کے کھلاڑیوں نے بیڈمنٹن ایونٹ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ادارے اور صوبے کا نام روشن کیا۔
سانحہ گل پلازہ: مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج، غفلت و لاپرواہی کی دفعات شامل
بیڈمنٹن مقابلوں میں سندھ پولیس کے دو کھلاڑیوں، پی سی عدنان خالد (ضلع میرپورخاص) اور احتشام ریاض (آر آر ایف الفلاح بیس، کراچی) نے غیر معمولی کھیل پیش کرتے ہوئے کانسی کے تمغے اپنے نام کیے، جو سندھ پولیس کے لیے باعثِ فخر ہے۔
اس موقع پر چیئرمین سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ و ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس سید پیر محمد شاہ نے دونوں کھلاڑیوں کی عمدہ کارکردگی کو سراہا اور ان کی محنت، لگن اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔ انہوں نے پاکستان پولیس اسپورٹس بورڈ کی ہدایات کی روشنی میں دونوں کھلاڑیوں کو پچیس ہزار روپے فی کس نقد انعام بھی دیا تاکہ ان کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔
چیئرمین سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ نے کہا کہ ان شاء اللہ آئندہ سندھ پولیس کے کھلاڑی مزید محنت اور dedication کے ساتھ کھیلوں میں حصہ لیں گے اور گولڈ میڈلز حاصل کر کے سندھ پولیس اور پاکستان پولیس کا نام مزید روشن کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ پولیس نہ صرف امن و امان کے قیام میں پیش پیش ہے بلکہ کھیلوں کے میدان میں بھی اپنے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ کی جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔
