وزیر داخلہ، قانون و پارلیمانی امور سندھ ضیاء الحسن لنجار نے شہدادپور پولیس ٹریننگ کالج میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ پولیس کی قربانیاں اور خدمات قابلِ فخر ہیں اور صوبے بھر میں امن و امان کے قیام کے لیے پولیس فورس دن رات کوشاں ہے۔
شہر میں منشیات کی بڑی ترسیل ناکام، 20 کلو سے زائد چرس برآمد، دو ملزمان گرفتار
وزیر داخلہ سندھ نے پولیس کے نئے جوانوں کو حلف لینے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنے حلف کی پاسداری کرتے ہوئے عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں ہوں یا کچے کے علاقے، سندھ پولیس ہر محاذ پر فرائض انجام دے رہی ہے اور اللہ کے فضل سے آج پورے سندھ میں کوئی نوگو ایریا موجود نہیں۔
ضیاء الحسن لنجار نے بتایا کہ گھوٹکی اور کشمور کے کچے میں اب بھی آپریشن جاری ہیں، جبکہ صدر آصف علی زرداری کے وژن کے مطابق شکارپور میں 80 سے زائد ڈاکوؤں نے ہتھیار ڈال دیے ہیں اور وہ قانون کے مطابق اپنے مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ پنجاب بارڈر پر سندھ پولیس، پنجاب پولیس اور پاکستان رینجرز سندھ کے ساتھ مل کر ڈاکوؤں کے خلاف مشترکہ کارروائیاں کر رہی ہے۔ وزیر داخلہ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے سندھ پولیس اور رینجرز کی کارکردگی کو سراہنے پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ کراچی میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے اور عالمی سطح پر بڑے شہروں کے مقابلے میں کراچی کا کرائم ریٹ کم ہے، تاہم پولیس کو مزید محنت کر کے عوام کا اعتماد مزید مضبوط کرنا ہوگا۔
انہوں نے نئے آئی جی سندھ سے توقع ظاہر کی کہ وہ پولیس کے مورال کو مزید بلند کریں گے۔ ساتھ ہی پولیس ٹریننگ کالج شہدادپور کے پرنسپل اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس ٹریننگ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔
وزیر داخلہ نے زور دیا کہ قانون کی بالادستی کے بغیر معاشرتی ترقی ممکن نہیں اور پروفیشنل و خصوصی مہارت پر مبنی تربیت سے پولیس فورس کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے انٹیلیجنس اداروں، بالخصوص انٹیلیجنس بیورو کے تعاون کو بھی سراہا اور کہا کہ مشترکہ کاوشوں سے امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔
