کراچی: گزشتہ رات نیو کراچی کے علاقے میں ڈکیت ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس کی اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے کارروائی کی۔ دوران کارروائی ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔
چراغ تلے اندھیرا، فائر سیفٹی کی نگران ایس بی سی اے کا مرکزی دفتر خود غیر محفوظ
ذرائع کے مطابق زخمی ملزمان کی شناخت محمد ناصر اور واجد کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزمان کے قبضے سے دو عدد پستول اور موبائل فون بھی برآمد ہوئے ہیں۔
ایس آئی یو نے زخمی ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے ہیں۔ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ گرفتار ملزمان اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ ہائی وے اور لنک روڈز پر ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔
مزید کارروائی کے دوران گرفتار ملزمان کے گینگ کے دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے بھی آپریشن جاری ہے۔ پولیس ملزمان کا کرمنل ریکارڈ حاصل کر رہی ہے اور مزید تفتیش جاری ہے تاکہ نیو کراچی میں ڈکیتی کے واقعات کا مکمل پردہ فاش کیا جا سکے۔
