فائر سیفٹی قوانین پر سخت عملدرآمد، سندھ بھر میں 35 عمارتوں کا معائنہ، نوٹس جاری

کراچی (22 جنوری 2026): سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے صوبہ بھر میں فائر سیفٹی قوانین پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے جامع انفورسمنٹ ڈرائیو شروع کر دی ہے۔ صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کی ہدایات پر سندھ کے تمام ریجنز میں فائر سیفٹی نوٹس جاری کیے گئے ہیں، جس سے واضح کیا گیا ہے کہ یہ کارروائی صرف کراچی تک محدود نہیں ہوگی۔

گل پلازہ سانحہ: محکمہ بحالی کا ہنگامی اجلاس، 86 افراد لاپتہ، سرچ آپریشن جاری

ایس بی سی اے کے علاقائی دفاتر کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ رہائشی اور کمرشل عمارتوں کا تفصیلی معائنہ کریں اور فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائیں، تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے مزمل حسین ہالیپوٹو نے بتایا کہ فائر سیفٹی قوانین پر عملدرآمد کے لیے خصوصی تکنیکی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جو عمارتوں میں فائر فائٹنگ آلات کی موجودگی و فعالیت، ایمرجنسی ایگزٹس اور فائر الارم سسٹمز کی جانچ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گل پلازہ میں پیش آنے والے افسوسناک آتشزدگی کے واقعے کے بعد فائر سیفٹی معائنوں کے عمل کو مزید تیز کر دیا گیا ہے، جس سے رہائشی و کمرشل عمارتوں میں موجود سنگین خامیاں سامنے آئی ہیں۔

ڈی جی ایس بی سی اے کے مطابق ابتدائی مرحلے میں کراچی کے مختلف علاقوں میں 35 رہائشی اور کمرشل عمارتوں کا معائنہ مکمل کیا جا چکا ہے۔ معائنہ ٹیمیں بلڈنگ قوانین اور قواعد و ضوابط کے مطابق فائر فائٹنگ سسٹمز، ایمرجنسی راستوں اور مجموعی ایمرجنسی تیاری کا جائزہ لے رہی ہیں۔

مزمل حسین ہالیپوٹو نے مزید بتایا کہ جہاں فائر سیفٹی کے انتظامات ناکارہ یا غیر فعال پائے گئے ہیں، وہاں بلڈنگ اونرز، بلڈرز اور مینجمنٹ کو اصلاحی نوٹس جاری کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مقررہ مدت میں حفاظتی اقدامات مکمل نہ کرنے کی صورت میں عمارتوں کو سیل کرنے سمیت سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ فائر سیفٹی کو یقینی بنانا بلڈرز، بلڈنگ اونرز اور یونینز کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے سروے میں شامل 266 عمارتوں سمیت شہر کی دیگر اہم رہائشی اور کمرشل عمارتوں کو بھی فائر سیفٹی نوٹس جاری کیے جا رہے ہیں۔ گل پلازہ کے واقعے کے بعد ایس بی سی اے نے فائر فائٹنگ آلات کی تنصیب اور باقاعدہ دیکھ بھال کو یقینی بنانے کے لیے باضابطہ اقدامات تیز کر دیے ہیں۔

آخر میں ڈی جی ایس بی سی اے نے کہا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی بطور ریگولیٹری ادارہ کے ایم سی اور سول ڈیفنس کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے صوبہ بھر میں فائر سیفٹی نظام کو مزید مضبوط بنا رہی ہے، جبکہ معائنوں اور قانونی کارروائی کا عمل آئندہ بھی جاری رہے گا تاکہ مستقبل میں کسی بھی سانحے سے بچا جا سکے۔

63 / 100 SEO Score

One thought on “فائر سیفٹی قوانین پر سخت عملدرآمد، سندھ بھر میں 35 عمارتوں کا معائنہ، نوٹس جاری

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!