ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ گل پلازہ سانحے میں اب تک ممکنہ طور پر 55 سے 60 لاشیں نکالی جاچکی ہیں، جب کہ مجموعی طور پر 80 کے قریب قیمتی جانوں کے ضیاع کا خدشہ ہے۔
قائدآباد پولیس کا ڈاکوؤں سے مقابلہ، دو انتہائی مطلوب ملزمان گرفتار، ساتھی فرار
انہوں نے بتایا کہ ملبے سے ملنے والے بیشتر انسانی اعضا کے ڈی این اے سیمپلز لیے جاسکتے ہیں، تاہم چند اعضا ایسے ہیں جن سے ڈی این اے حاصل کرنا ممکن نہیں۔ ڈی سی ساؤتھ نے شہریوں سے اپیل کی کہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والی افواہوں پر کان نہ دھریں اور صرف مستند معلومات پر بھروسہ کریں۔
جاوید نبی کھوسو نے کہا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جارہی ہیں اور فی الحال اسے صرف الیکٹرک شارٹ سرکٹ قرار نہیں دیا جاسکتا۔ ان کے مطابق عمارت کے جو حصے سالم تھے وہاں سرچ آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے، جبکہ جو حصے زمین بوس ہوئے وہاں سرچنگ کا عمل تاحال جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر ساؤتھ نے مزید کہا کہ عمارت کے دروازے بند ہونے سے متعلق بھی تحقیقات کی جارہی ہیں اور واقعے کے ہر ممکنہ پہلو کو مدنظر رکھ کر تفتیش کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی پہلو کو نظر انداز نہیں کیا جارہا اور حقائق سامنے لانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں۔
