کراچی: مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چئیرمین آفاق احمد نے گل پلازہ میں لگنے والی آگ کو قومی اسمبلی میں معمول کا حادثہ قرار دینے پر پیپلز پارٹی کی شدید مذمت کی ہے۔
نثار کھوڑو کی ضلع وسطی آمد، کارکنان سے خطاب میں پارٹی کے مضبوط قلعوں کا اعتراف
آفاق احمد نے کہا کہ اب تک 61 لاشیں برآمد ہو چکی ہیں جبکہ درجنوں افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ انہوں نے اس واقعے کو بدترین انسانی سانحہ قرار دیا اور کہا کہ سندھ حکومت کی محکمانہ غفلت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
اپنے بیان میں آفاق احمد نے کہا کہ آگ کے نتیجے میں سینکڑوں افراد کا روزگار ختم ہوا اور سینکڑوں گھر اجڑ گئے، مگر اس کا احساس کرنے کے بجائے اسے معمول کا حادثہ کہنا متاثرین کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس سانحہ کی سب سے زیادہ ذمہ داری سندھ حکومت اور اس کے ماتحت اداروں پر عائد ہوتی ہے۔
آفاق احمد نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کے اعلان کردہ ایک کروڑ روپے فی کس معاوضے کی رقم فوری طور پر متاثرین کو دی جائے، اور جب تک متبادل جگہ کا انتظام نہیں ہوتا، متاثرہ تاجروں کو پارکنگ پلازہ میں عارضی دکانیں الاٹ کی جائیں تاکہ وہ دوبارہ اپنے کاروبار کا آغاز کر سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وقت ہی فیصلہ کرے گا کہ یہ حادثہ تھا یا کسی سازش کا نتیجہ، اور مطالبہ کیا کہ سانحہ گل پلازہ کی اصل وجوہات جاننے کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے تاکہ غفلت کے مرتکب افراد اور اداروں کا تعین کیا جا سکے۔
