پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز زبردست تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا۔ سرمایہ کاروں کے بھرپور اعتماد کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے تاریخ میں پہلی بار 189 ہزار پوائنٹس کا سنگِ میل عبور کر لیا۔
سعودی کابینہ کی پاکستان کے ساتھ بجلی کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت کی منظوری
دورانِ کاروبار کے ایس ای 100 انڈیکس میں 901 پوائنٹس کا شاندار اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس 189,523 پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا، جو ملکی اسٹاک مارکیٹ کی تاریخ کی نئی ریکارڈ سطح ہے۔
دوسری جانب زرمبادلہ کی منڈی میں گزشتہ روز ملا جلا رجحان رہا۔ انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر ایک پیسہ سستا ہو کر 279 روپے 91 پیسے پر بند ہوا، جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 14 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر 281 روپے 32 پیسے کا ہو گیا۔
ادھر عالمی اور مقامی گولڈ مارکیٹس میں بھی تاریخی صورتحال دیکھنے میں آئی۔ منگل کے روز سونے اور چاندی کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔ پاکستان میں 24 کیرٹ سونے کی فی تولہ قیمت 4 ہزار 300 روپے اضافے کے بعد 4 لاکھ 93 ہزار 662 روپے کی ریکارڈ سطح پر جا پہنچی۔
