کراچی: چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت صوبائی سیکریٹریٹ میں انکلیوسو نادرا شناختی کارڈ اور ووٹر رجسٹریشن اسٹریٹجی (INVR-V) سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان، نادرا اور صوبائی محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ڈائریکٹر جنرل جینڈر اینڈ سوشل انکلوژن محترمہ نگہت صدیق، جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر (الیکشنز) سائیں بخش چنڑ، ڈائریکٹر جنرل نادرا، سیکریٹری اسکول ایجوکیشن، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان شریک تھے۔
اجلاس کے دوران خواتین کے شناختی کارڈ کے اجرا اور ووٹر رجسٹریشن میں موجود صنفی فرق کو کم کرنے کے لیے فیز فائیو انکلیوسو نادرا شناختی کارڈ و ووٹر رجسٹریشن مہم پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ حکام نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نادرا اور دیگر شراکت دار اداروں کے تعاون سے صوبے بھر میں اس اسٹریٹجی کے تحت مؤثر اقدامات کر رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین کو قومی شناختی کارڈ اور ووٹر لسٹ میں شامل کیا جا سکے۔
چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے اس موقع پر کہا کہ خواتین کی شناخت اور ووٹر رجسٹریشن میں شمولیت جمہوری عمل کو مضبوط بنانے کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت اس مہم کو کامیاب بنایا جائے تاکہ کوئی بھی شہری اپنے بنیادی جمہوری حق سے محروم نہ رہے۔
