کراچی: تھانہ بوٹ بیسن پولیس نے اسپیشل برانچ کی جانب سے جاری کردہ IR لسٹ میں شامل بدنامِ زمانہ منشیات فروش یاسین عرف شوٹر کے نیٹ ورک کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اس کے ایک کارندے کو شدید مزاحمت کے باوجود گرفتار کرلیا، جبکہ مرکزی ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
چیف سیکریٹری سندھ کی زیر صدارت انکلیوسو نادرا شناختی کارڈ اور ووٹر رجسٹریشن اسٹریٹجی سے متعلق اجلاس
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت جنید عرف منچھی ولد سرور کے نام سے ہوئی ہے، جس کے قبضے سے ایک عدد 30 بور پسٹل بمعہ راونڈز اور 110 گرام کرسٹل (منشیات) برآمد کی گئی۔ کارروائی کے دوران مرکزی ملزم یاسین عرف شوٹر ولد شہزاد گل 105 گرام آئس (منشیات) پھینک کر فرار ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار اور فراری ملزمان طویل عرصے سے منشیات فروشی جیسے مکروہ دھندے میں ملوث ہیں اور اس سے قبل بھی متعدد بار منشیات کے مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔
پولیس نے گرفتار اور فراری ملزمان کے خلاف تھانہ بوٹ بیسن میں علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کرلیے ہیں۔ گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ الزام نمبر 45/2026 بجرم دفعہ 9(2)4، 353/186/34 تعزیراتِ پاکستان جبکہ مقدمہ الزام نمبر 46/2026 بجرم دفعہ 23-1-a سندھ آرمز ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے۔
ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ فراری ملزم یاسین عرف شوٹر کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
