پاک فوج میں تربیت حاصل کرنے والے شیردل ریکروٹس کی شاندار پاسنگ آؤٹ پریڈ محفوظ شہید گیریژن لاہور میں منعقد ہوئی، جہاں 511 نئے سپاہیوں نے کامیابی کے ساتھ بنیادی فوجی تربیت مکمل کی۔ پروقار تقریب کے مہمانِ خصوصی جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) محفوظ شہید گیریژن تھے۔
لہو گرما دینے والی اس پاسنگ آؤٹ پریڈ میں سپاہیوں کے اہلِ خانہ، سینئر فوجی افسران اور جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پریڈ کے دوران نوجوان سپاہیوں نے منظم مارچ، پیشہ ورانہ مہارت اور عسکری نظم و ضبط کا شاندار مظاہرہ کیا، جسے شرکا نے خوب سراہا۔
تقریب کے دوران تربیت کے مختلف مراحل میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے ریکروٹس میں جی او سی نے انعامات بھی تقسیم کیے۔ اس موقع پر مہمانِ خصوصی نے پاس آؤٹ ہونے والے جوانوں اور ان کے اہلِ خانہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے بہادر جوان جرات، نظم و ضبط اور وطن سے غیر متزلزل وفاداری کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
جی او سی کا کہنا تھا کہ یہ نوجوان سپاہی مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کے عزم کے ساتھ میدانِ عمل میں قدم رکھ رہے ہیں، جو پوری قوم کے لیے فخر کا باعث ہے۔ انہوں نے پاس آؤٹ ہونے والے جوانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
اس پُرمسرت موقع پر پاس آؤٹ ہونے والے جوانوں اور ان کے اہلِ خانہ کا جوش و ولولہ دیدنی تھا، جو وطنِ عزیز سے گہری محبت اور دشمن کے لیے ایک واضح پیغام کی حیثیت رکھتا تھا۔
