کراچی: ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ مہزور علی نے کراچی بالخصوص ڈسٹرکٹ ساؤتھ کی معزز عوام کے نام ایک اہم پیغام جاری کرتے ہوئے نئے سال کی تقریبات کے دوران ہوائی فائرنگ سے مکمل اجتناب کی سخت ہدایت کی ہے۔
سہراب گوٹھ میں گھر سے تین بچوں اور خاتون کی لاشیں برآمد، وزیر داخلہ سندھ کا سخت نوٹس
ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ کا کہنا ہے کہ ہوائی فائرنگ ایک سنگین، غیرقانونی اور جان لیوا عمل ہے، جس کے باعث قیمتی انسانی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ملزمان کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 324 (اقدامِ قتل) کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
مہزور علی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی اور دوسروں کی خوشیوں کا خیال رکھتے ہوئے قانون کی پاسداری کریں اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں تاکہ نیا سال امن، خوشی اور سلامتی کے ماحول میں منایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت الرٹ ہے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔
