کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور ترجمان سندھ حکومت سیدہ تحسین عابدی نے شکارپور کے ضمنی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار آغا شہباز علی درانی کی کامیابی پر دلی خوشی اور مبارکباد کا اظہار کیا ہے۔
کراچی میں رینجرز اور کسٹم کی مشترکہ کارروائی، بھاری مقدار میں اسمگل شدہ نان کسٹم پیڈ اشیاء برآمد
اپنے بیان میں سیدہ تحسین عابدی نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں کامیابی پارٹی قیادت، کارکنان اور جیالوں کی مشترکہ جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی عوام دوست پالیسیوں اور مسلسل عوامی خدمت پر عوام کے اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات پر سندھ حکومت صوبے بھر میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر، عملی اور پائیدار اقدامات کر رہی ہے، جن کے مثبت اثرات عوام تک براہِ راست پہنچ رہے ہیں۔ ان کے مطابق عوام کا اعتماد ہی پاکستان پیپلز پارٹی کی اصل قوت ہے۔
ترجمان سندھ حکومت نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاست کی بنیاد عوامی خدمت، جمہوریت اور سماجی انصاف پر ہے اور پارٹی قیادت ہر سطح پر عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اور متحرک ہے۔
انہوں نے آغا شہباز علی درانی کی کامیابی کو ان کے والد مرحوم آغا سراج درانی کی بے لوث عوامی خدمات کا تسلسل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی اس امر کی عکاس ہے کہ عوام خدمت کی سیاست کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور اسی بنیاد پر اپنے نمائندے کا انتخاب کرتے ہیں۔
سیدہ تحسین عابدی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سندھ حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی عوام کی خدمت، ترقی اور خوشحالی کے مشن کو مزید تیزی سے آگے بڑھاتی رہے گی۔
