پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ معلومات پر کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے پہلوان گوٹھ سے غیر قانونی اسلحہ کی خرید و فروخت، ڈکیتی اور متعدد جرائم میں ملوث خطرناک ملزم عبدالصمد ولد جُمن شاہ کو گرفتار کرلیا۔
اے این ایف کی ملک بھر میں کارروائیاں خاتون سمیت 5 ملزمان گرفتار 2 کروڑ 9 لاکھ روپے مالیت کی منشیات برآمد
ترجمان کے مطابق ملزم کے قبضے سے 30 بور پسٹل بمعہ ایمونیشن (بغیر لائسنس)، چوری شدہ موٹر سائیکل اور موبائل فون برآمد کرلیا گیا۔
تحقیقات کے دوران ملزم نے سنسنی خیز انکشاف کیا کہ وہ 2021 میں آئی آئی چندریگر روڈ پر نجی کمپنی کی کیش وین ڈکیتی میں شریک تھا، جس میں تقریباً 20 کروڑ 50 لاکھ روپے لوٹے گئے تھے۔
مزید بتایا کہ وہ ڈکیت گروہوں، منشیات فروشوں اور کار لفٹر نیٹ ورکس کے ساتھ رابطے میں رہ کر انہیں وارداتوں کے لیے غیر قانونی اسلحہ فراہم کرتا رہا ہے۔
رینجرز کے مطابق ملزم کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ گرفتار ملزم کو اسلحہ، ایمونیشن اور مسروقہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔
رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی کے لیے فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، ہیلپ لائن یا رینجرز مددگار واٹس ایپ پر اطلاع دیں، شہری کا نام مکمل طور پر صیغۂ راز میں رکھا جائے گا۔
