کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے نیو کراچی سے بھتہ خوری میں ملوث ملزم امیر حمزہ ولد حامد حسین کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضے سے موبائل فون برآمد کر لیا گیا۔
کراچی میں نومبر میں 884 ملین گیلن پانی کی کمی کے الیکٹرک کی مسلسل بجلی بندش کا اثر
تفصیلات کے مطابق ملزم 2019 سے لیاری گینگ وار کمانڈر عبدالصمد کے فرنٹ مین یوسف عرف موٹا کے ساتھ منسلک رہا ہے۔ گرفتار ملزم نے انکشاف کیا کہ جولائی 2024 میں وہ اور یوسف عرف موٹا ایک بلڈر سے بھتہ لینے گئے تھے، جس کے لیے اولڈ لیاری سے ایک مقامی شخص نے یوسف عرف موٹا کو پسٹل فراہم کیا۔ اس دوران یوسف عرف موٹا مسلسل واٹس ایپ کے ذریعے عبدالصمد سے رابطے میں رہا۔
کھارادر میں ایک تعمیراتی سائٹ پر پہنچ کر یوسف عرف موٹا نے ایک مزدور کو بھتہ کی پرچی تھمائی، اور ملزم نے پسٹل نکال کر مزدور کی ٹانگ میں گولی ماری۔ بعد ازاں رینجرز نے یوسف عرف موٹا اور امیر حمزہ کو گرفتار کر لیا، تاہم امیر حمزہ 3 ماہ بعد ضمانت پر رہا ہوگیا۔
ملزم امیر حمزہ مختلف فیکٹری مالکان کے فون نمبرز یوسف عرف موٹا اور عبدالصمد کو فراہم کرتا رہا۔ رینجرز نے بھتہ خوری میں ملوث مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
گرفتار ملزم کو مسروقہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جرائم کی روک تھام کے لیے ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن یا واٹس ایپ نمبر پر فراہم کریں۔ اطلاع دینے والوں کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
