کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے نومبر 2025 کے دوران شہر کے مختلف واٹر پمپنگ اسٹیشنز پر بجلی کی بندش کے باعث پانی کی کمی کے اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں۔ ترجمان کارپوریشن کے مطابق کے الیکٹرک کی مسلسل بجلی کی معطلی کے نتیجے میں شہر کو مجموعی طور پر 884 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا کرنا پڑا۔
ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس کا جرائم پیشہ ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن 9 گرفتار
تفصیلات کے مطابق دھابیجی پمپنگ اسٹیشن میں 132 گھنٹے 20 منٹ کی بجلی معطلی کے باعث 424 ملین گیلن پانی کی کمی ہوئی، جبکہ ڈملوٹی اسٹیشن میں 146 گھنٹے کی بندش سے 111 ملین گیلن پانی کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ نارتھ ایسٹ کراچی پمپنگ اسٹیشن میں پانی کی کمی 335 ملین گیلن رہی۔ حب اور پپری اسٹیشنز میں 6-6 ملین گیلن اور گھارو اسٹیشن میں 2 ملین گیلن پانی کی کمی ہوئی۔
واٹر کارپوریشن حکام نے کہا کہ نومبر میں مسلسل بجلی بندش کے باعث مرکزی پمپنگ اسٹیشنز پر آپریشن کئی گھنٹوں تک رکے رہے، جس کے نتیجے میں شہر میں پانی کی فراہمی متاثر ہوئی۔ انہوں نے کے الیکٹرک انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ مرکزی پمپنگ اسٹیشنز کے لیے مستقل، مستحکم اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے فوری اقدامات کیے جائیں۔
حکام نے مزید کہا کہ کیبل فالٹس سے پمپنگ مشینری کو پہنچنے والے نقصانات کا نوٹس لیا جائے اور مستقبل میں پانی کی فراہمی کو ہر قسم کی رکاوٹ سے محفوظ بنانے کے لیے متبادل فیڈرز، اسٹینڈ بائی کیبلز اور تکنیکی اپ گریڈیشن کے اقدامات ناگزیر ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ واٹر کارپوریشن شہریوں کو بلا تعطل پانی کی فراہمی کے لیے کے الیکٹرک کے ساتھ مربوط تعاون جاری رکھے ہوئے ہے اور بجلی کی بحالی کے بعد شہر بھر میں پانی کی سپلائی مکمل طور پر معمول پر آگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی فراہمی کے نظام میں مزید بہتری کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کی ضروریات بروقت پوری ہو سکیں۔
