پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے حب ریور روڈ، ماڑی پور کے مقام پر اسنیپ چیکنگ کے دوران مسافر بس سے 4 ملزمان گرفتار کر لیے۔
کراچی کے طلبہ و طالبات نے پاکستان رینجرز (سندھ) کے ٹریننگ سینٹر کا دورہ کیا
گرفتار ملزمان کی شناخت سید حبیب اللہ ولد تاج ملوک، سید نوید احمد ولد سید جمیل احمد، ثناء اللہ ولد عبدالشکور اور ولی جان ولد عبداللہ کے طور پر ہوئی۔ کارروائی کے دوران بس کے خفیہ خانوں سے 47,680 عدد پیکٹ نان کسٹم پیڈ سگریٹ، 4 عدد موبائل فونز اور نقدی برآمد کی گئی۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان یہ اشیاء بلوچستان کے ہزار گنجی بس اسٹینڈ سے کراچی کے یوسف گوٹھ بس اسٹینڈ لاتے تھے۔ ملزمان نے انکشاف کیا کہ بس مالکان نے گاڑیوں میں خفیہ خانے بنائے ہوئے ہیں جو نان کسٹم پیڈ اشیاء کی اسمگلنگ کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔
ملزم ولی جان یوسف گوٹھ بس ٹرمینل پر منشی ہے جو کہ گاڑیوں میں خفیہ خانے بنوانے کا ذمہ دار ہے، جبکہ ملزم ثناء اللہ بلوچستان سے سامان کلیئر کروانے اور حب سٹی میں گودام میں رکھوانے کا کام دیکھتا ہے۔ بس مالکان اور ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
گرفتار ملزمان کو برآمد شدہ سامان کے ساتھ کسٹم حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ جرائم اور اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے ایسے عناصر کے بارے میں فوری اطلاع قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر پر دیں۔ اطلاع دینے والے کا نام مکمل طور پر راز میں رکھا جائے گا۔
