تین روزہ پاکستان گرین اینڈ ریزیلینٹ بلڈنگ کانفرنس 2025 کراچی میں اختتام پذیر ہوگئی، جس میں وفاقی و صوبائی محکموں، نجی شعبے، مالیاتی اداروں اور ترقیاتی تنظیموں کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔
مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب پاک بحریہ نے ذمہ داریاں سنبھال لیں
کانفرنس کا مقصد پائیدار، توانائی مؤثر اور ماحول دوست تعمیرات کے فروغ کے لیے عملی حکمتِ عملیوں اور پالیسی تجاویز پر اتفاقِ رائے پیدا کرنا تھا۔
افتتاحی اجلاس سے وزارتِ موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی کی سیکرٹری عائشہ موریانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پاکستان کے حالیہ اقدامات جیسے پاکستان گرین بلڈنگ کوڈ 2023، گرین ٹیکسانومی اور کلائمٹ رسک اسکریننگ گائیڈ لائنز 2024 پائیدار ترقی کی سمت میں سنگِ میل ہیں۔
تقریب کے دوران ایج ایوارڈز (EDGE Awards) بھی منعقد ہوئے، جن میں توانائی و وسائل کے مؤثر استعمال کے حوالے سے نمایاں کارکردگی دکھانے والے منصوبوں اور اداروں کو سراہا گیا۔
چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ بورڈ نجم احمد شاہ نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور او جی ڈی سی، زمین ڈویلپمنٹ، الائیڈ بینک، صفیہ ہومز، موڈیولس گرین ہومز، ایچ بی ایل مائیکروفنانس بینک، سیرینا ہوٹلز اور حبیب یونیورسٹی کو ایج سرٹیفکیشن حاصل کرنے پر ایوارڈز پیش کیے۔
ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) مزمل حسین ہالیپوٹو نے کہا کہ حکومتِ سندھ تعمیراتی قوانین میں گرین بلڈنگ اور ماحول دوست پالیسیوں کو شامل کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ان کے مطابق، ’’پائیدار تعمیرات موسمیاتی خطرات میں کمی کے ساتھ شہری ترقی کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کریں گی۔‘‘
ڈی جی ایس بی سی اے نے وزارتِ موسمیاتی تبدیلی، نیشنل انرجی ایفیشنسی اینڈ کنزرویشن اتھارٹی (NEECA) اور عالمی بینک کے نمائندگان کے ساتھ پینل ڈسکشن میں بھی شرکت کی، جہاں پائیدار تعمیرات، مالیاتی معاونت اور عمل درآمد کے مؤثر طریقہ کار پر تبادلہ خیال ہوا۔
ماہرین نے اس موقع پر تکنیکی و مالیاتی تعاون کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا، جبکہ نئے ماہرین کو ایکسپرٹس پن سرٹیفکیشن دیے گئے۔
کانفرنس میں نوجوانوں کے کردار کو موسمیاتی تبدیلی کے خلاف اقدامات میں نمایاں حیثیت کے ساتھ سراہا گیا۔
اختتامی اجلاس میں گرین بلڈنگ مراعات کے موضوع پر ایک اعلیٰ سطحی گول میز اجلاس منعقد ہوا، جس میں حکومتی اداروں، مالیاتی تنظیموں اور نجی شعبے کے نمائندگان نے پالیسی اور مارکیٹ پر مبنی اقدامات پر غور کیا۔
کانفرنس کے بعد شرکاء نے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (IFC) کے بلڈنگ ریزیلینس انڈیکس (BRI) سے متعلق تربیتی ورکشاپس میں حصہ لیا، جن میں ماہرین کو عمارتوں کی پائیداری اور ماحولیاتی خطرات کے مقابلے میں ان کی مضبوطی کے جدید طریقوں سے آگاہ کیا گیا۔

