کراچی (اسٹاف رپورٹر) — چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بنگلہ دیش کا سرکاری دورہ کیا، جہاں انہوں نے بنگلہ دیش کے عبوری سربراہِ حکومت محمد یونس سمیت سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں دفاعی و سلامتی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
محنتی ملازمین کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوگی، جعلی ملازمین کے خلاف سخت اقدام ہوگا: نثار کھوڑو
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر محمد یونس، بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد نظم الحسن، فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل حسن محمود خان اور مسلح افواج ڈویژن کے پی ایس او لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمر الحسن سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
ملاقاتوں میں علاقائی و عالمی سلامتی کی صورتحال، دفاعی تعاون، اور عسکری تربیتی تبادلوں پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دفاع، سیکیورٹی اور انسدادِ دہشت گردی کے شعبوں میں باہمی روابط کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا نے پاکستان کی جانب سے باہمی احترام اور خودمختاری کی بنیاد پر تعلقات مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ بنگلہ دیش کی سول و عسکری قیادت نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو سراہا۔
دورے کے دوران جنرل ساحر شمشاد مرزا نے سلہٹ میں انفنٹری اینڈ ٹیکٹکس اسکول کا بھی دورہ کیا اور وہاں اساتذہ و طلبہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہیں چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی جبکہ انہوں نے شیکھا آنیربن پر پھول چڑھائے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دفاعی تعلقات کو فروغ دینے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کی سمت ایک مثبت قدم ہے۔
