لاہور (اسٹاف رپورٹر) — وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر کی 65 ہزار مساجد کے آئمہ کرام کیلئے باقاعدہ وظیفہ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ امن و امان کی صورتحال سے متعلق اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت وزیراعلیٰ نے خود کی۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ حکومت کے حالیہ اقدامات کو مذہبی حلقوں کی جانب سے سراہا گیا ہے جبکہ صوبے بھر میں جمعہ اور دیگر نمازیں باجماعت ادا کی جا رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس موقع پر کہا کہ امام مسجد معاشرے کا قابلِ احترام فرد ہے، محلے میں چندہ اکٹھا کرکے امام کو ادائیگی مناسب عمل نہیں، اس لیے حکومت ان کی معاشی معاونت کیلئے باقاعدہ وظیفہ فراہم کرے گی۔
مریم نواز نے ہدایت دی کہ مساجد کی تعمیر و مرمت کے منصوبے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کیے جائیں اور ان کی جلد تکمیل یقینی بنائی جائے۔
اجلاس میں تبلیغی اجتماع کے انتظامات سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی، بتایا گیا کہ رائے ونڈ کی رابطہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت مکمل کر لی گئی ہے اور اجتماع کے شرکاء کیلئے خصوصی بسیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے رائے ونڈ اجتماع کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت بھی جاری کی۔ اس کے علاوہ پنجاب میں سائبر کرائم سیل کے قیام کا اصولی فیصلہ کیا گیا جبکہ لاؤڈ اسپیکر کے غیر قانونی استعمال پر سخت کارروائی کی ہدایت دی گئی۔
