اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کے سرکاری دورے پر روانہ ہوگئے ہیں۔ وزیراعظم کو دورے کی دعوت سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے دی تھی۔ وفاقی کابینہ کے اہم ارکان بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ون آن ون ملاقات کے ساتھ ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے۔ ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کے اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنما علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم کا یہ دورہ دونوں ملکوں کی منفرد شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے اور عوام کے مفاد میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب سے براہِ راست برطانیہ روانہ ہوں گے جہاں وہ دو روز قیام کے بعد امریکا کے دورے پر روانہ ہوں گے۔