کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں جمعے کے روز کہیں ہلکی اور کہیں درمیانے درجے کی بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا، تاہم دو روز قبل ہونے والی شدید بارشوں کے بعد اب تک کئی شاہراہیں اور گلیاں پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں اور ٹوٹی سڑکوں نے شہریوں کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔
آٹو انڈسٹری کی بحالی: اگست میں گاڑیوں کی فروخت میں 62 فیصد اضافہ
نارتھ ناظم آباد، نیو کراچی، اورنگی ٹاؤن، بلدیہ ٹاؤن، سائٹ ایریا، گولیمار اور گارڈن کے اطراف بارش ہوئی، جس کے بعد کئی مقامات پر سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔
بارش کے بعد کی صورتحال
-
پہلوان گوٹھ سے گلستان جوہر جانے والی سڑک دونوں اطراف گڑھوں کی وجہ سے ٹریفک کے لیے دشوار ہوگئی۔
-
صفورا تا خاور چوک سڑک بی آر ٹی انڈر پاس سے نکالے گئے پانی کے باعث دریا کا منظر پیش کررہی ہے۔
-
منور چورنگی انڈر پاس کے قریب متبادل سڑکیں بارش کے بعد گڑھوں میں تبدیل ہوگئیں۔
-
کورنگی انڈسٹریل ایریا اور اسکیم 33 (مدراس چوک، گلشن کنیز فاطمہ) میں پانی اب تک جمع ہے، گٹر ابلنے سے صورتحال مزید خراب ہوگئی ہے۔
ٹریفک جام کی صورتحال
کورنگی کازوے دو روز کی بندش کے بعد ہلکی ٹریفک کے لیے کھول دی گئی، تاہم کورنگی کراسنگ تا قیوم آباد سڑک کیچڑ اور ٹوٹ پھوٹ کے باعث تاحال بند ہے۔ جام صادق پل پر ٹریفک جام بدستور معمول بن گیا ہے، جس سے شہری اذیت ناک سفر کرنے پر مجبور ہیں۔
شہریوں نے شکایت کی ہے کہ بارش سے زیادہ پریشانی ناکام نکاسی آب اور خستہ حال سڑکوں نے پیدا کی ہے، جس پر فوری توجہ نہ دی گئی تو معمولات زندگی مزید متاثر ہوں گے۔
