کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بدھ کو صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن، سعید غنی، مخدوم محبوب اور چیف سیکریٹری آصف حیدر کے ہمراہ شہر کے بارش سے متاثرہ علاقوں کے دورے پر روانہ ہوئے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا لیاری کا دورہ، عوامی شکایات پر فوری ایکشن
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق وزیراعلیٰ نے قیوم آباد اور کورنگی کاز وے کا معائنہ کیا جہاں بارش کا پانی جمع تھا۔ انہوں نے مشینری کے ذریعے جاری نکاسیٔ آب کا جائزہ لیا اور واضح کیا کہ ملیر ندی سے پانی کے اخراج کے بعد کورنگی کاز وے مکمل طور پر کلیئر ہو جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ شہریوں کو ملیر ندی، کورنگی کاز وے اور دیگر نشیبی علاقوں کی صورتحال سے بروقت آگاہ کیا جائے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے شاہراہ بھٹو کا بھی دورہ کیا اور ملیر ندی کا معائنہ کیا۔ چیف سیکریٹری آصف حیدر نے انہیں رات بھر جاری ریسکیو آپریشن کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت کی انتظامیہ، کے ایم سی، پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، میونسپل ٹاؤنز، واٹر بورڈ اور پولیس پوری طرح متحرک ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ڈی آئی جی ایسٹ کو ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کی ہدایت دی اور کہا کہ پولیس شہر بھر میں عوام کی سہولت کے لیے سڑکوں پر موجود رہے۔
