خیرپور: صوبائی وزیر برائے توانائی، ترقی و منصوبہ بندی اور حکومت سندھ کے سیلاب کے فوکل پرسن سید ناصر حسین شاہ نے خیرپور کے کچے کے علاقوں کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ اور رہنما پیپلز پارٹی بچل شاہ جیلانی بھی موجود تھے۔
شاہ فیصل کالونی پولیس کی کامیاب کارروائی، اسٹریٹ کرمنل گرفتار، اسلحہ برآمد
وزیر توانائی نے الرا جاگیر بند، بہارو دیرو اور جمشیر بند کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر آبپاشی حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تمام حفاظتی بند مکمل طور پر محفوظ ہیں اور پانی کے بہاؤ پر مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے گئے ہیں۔
لائیو اسٹاک حکام کے مطابق الرا جاگیر لائیو اسٹاک کیمپ میں اب تک 24 ہزار بڑے اور 26 ہزار چھوٹے جانوروں کو ویکسین لگائی جاچکی ہے جبکہ مویشی بانوں کو ادویات بھی فراہم کی گئی ہیں۔
اس موقع پر سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ عوام کو پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں، ہماری اولین ترجیح عوام کی جان و مال کا تحفظ ہے۔ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے مال مویشیوں کے تحفظ کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام ادارے باہم رابطے میں ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے چوبیس گھنٹے چوکس ہیں۔
سید قائم علی شاہ نے کہا کہ الرا بچاؤ بند کو کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں اور موجودہ کیفیت عام سیلابی صورتحال کی ہے۔ سندھ حکومت پہلے ہی بڑی سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سمیت پوری کابینہ بندوں پر موجود ہے اور عوام کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا۔
