کراچی: صوبائی وزیرِ بحالی مخدوم محبوب الزمان کی خصوصی ہدایت پر ریسکیو 1122 سندھ کو مون سون بارشوں کے دوران شہریوں کی سہولت اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
غزہ پر اسرائیلی بربریت جاری، 700 ویں دن مزید 68 فلسطینی شہید، شہداء کی تعداد 64 ہزار 368 تک پہنچ گئی
ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق کراچی کے مختلف اہم مقامات پر ٹیموں کو تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ایمرجنسی میں فوری کارروائی کی جا سکے۔ اس مقصد کے لیے سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول روم مکمل طور پر فعال ہے۔
ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جن مقامات پر تعینات کی گئی ہیں ان میں ایئرپورٹ، نرسری، تین تلوار، میٹرو پول، میمن گوٹھ، ڈسٹرکٹ سینٹرل اور شاہراہِ فیصل شامل ہیں۔ حکام کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مزید ٹیموں کو فوری طور پر تعینات کیا جا سکے گا تاکہ امدادی کارروائیوں میں تاخیر نہ ہو۔
ریسکیو اہلکار عوام کی رہنمائی، طبی امداد اور ہنگامی حالات میں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر ہیلپ لائن 1122 پر رابطہ کریں تاکہ بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔
