راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان پر میڈیا سے گفتگو کے دوران انڈا پھینکنے کا واقعہ پیش آیا۔ پولیس نے واقعے میں ملوث دونوں خواتین کو فوری طور پر حراست میں لے لیا۔
یوٹیوبر ڈکی بھائی کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 3 دن کی توسیع
یہ واقعہ اڈیالہ جیل کے قریب داہگل کے مقام پر اس وقت پیش آیا جب علیمہ خان پریس کانفرنس کر رہی تھیں۔ انڈا لگنے کے بعد افراتفری مچ گئی اور علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو ملتوی کرتے ہوئے گاڑی میں پناہ لے لی۔
عینی شاہدین کے مطابق انڈا پھینکنے والی خواتین اپنی گاڑی میں بیٹھ کر فرار ہونا چاہتی تھیں تاہم مشتعل پی ٹی آئی کارکنوں نے ان پر حملہ کر دیا اور گاڑی کی اسکرین توڑ دی۔
ترجمان راولپنڈی پولیس انسپکٹر سجاد الحسن نے تصدیق کی کہ خواتین کا تعلق پی ٹی آئی سے ہی ہے۔ پولیس کے مطابق یہ خواتین خیبر پختونخوا سے آئے ہوئے آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس اور آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے احتجاجی قافلے کے ساتھ شریک تھیں۔
پولیس نے بتایا کہ خواتین نے علیمہ خان کے سوالات کا جواب نہ دینے پر انڈا پھینکا۔ دونوں کو حراست میں لے کر اڈیالہ چوکی منتقل کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ خواتین کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔
