کراچی (کورٹ رپورٹر) مقامی عدالت نے 19 سالہ نوبیاہتا دلہن شانتی پر مبینہ تشدد اور ہلاکت کے مقدمے میں نامزد شوہر اشوک کی درخواستِ ضمانت مسترد کر دی۔
پاکستان میں اگست کے دوران تیل کی فروخت میں 7 فیصد اضافہ، فرنس آئل کی کھپت میں 71 فیصد کمی
سٹی کورٹ میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں اشوک کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی، تاہم عدالت نے دلائل سننے کے بعد درخواست مسترد کر دی۔
پولیس کے مطابق ملزم اشوک نے اپنی اہلیہ شانتی پر شدید تشدد کیا، جس کے باعث وہ کوما میں چلی گئی اور چند روز بعد انتقال کر گئی۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ملزم اپنے جرم کا اعتراف بھی کر چکا ہے۔
ملزم کے خلاف تھانہ بغدادی میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ 23 جولائی کو کراچی میں مبینہ بدترین جنسی تشدد کے نتیجے میں نوبیاہتا شانتی سول اسپتال کراچی میں دم توڑ گئی تھی۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید کے مطابق ابتدائی طبی معائنے میں متاثرہ لڑکی پر جنسی تشدد کے شواہد ملے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ شانتی کو پہلے ایک اور ہسپتال میں آپریشن کے بعد تشویشناک حالت میں سول اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ دم توڑ گئی۔
ایس ایچ او بغدادی مجید علی کے مطابق شانتی کی شادی 15 جون کو اشوک سے ہوئی تھی، اور محض دو دن بعد شوہر نے ان پر غیر فطری جنسی تشدد کیا جس سے ان کی حالت بگڑ گئی۔ شانتی کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے پولیس نے ملزم کو گرفتار کیا تھا۔
