کراچی (نمائندہ خصوصی) ڈی آئی جی ٹریفک کراچی سے زینب مارکیٹ، کوآپریٹو مارکیٹ اور دیگر مرکزی تجارتی مراکز کے عہدیداران نے جناب فہیم نوری کی قیادت میں ملاقات کی اور مارکیٹ ایریاز میں بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل سے آگاہ کیا۔ ملاقات دفتر ہذا میں منعقد ہوئی، جس میں ایس ایس پی ٹریفک ساؤتھ، ڈی ایس پیز اور سیکشن افسران بھی موجود تھے۔
سندھ میں کم از کم ماہانہ اُجرت 40 ہزار روپے مقرر، نوٹیفکیشن جاری
تاجر برادری نے پارکنگ کی عدم دستیابی، ٹھیلے پتھاروں کی بھرمار، اور ٹریفک جام جیسے اہم مسائل پر تفصیلی بات چیت کی۔ ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے تمام شکایات کو بغور سننے کے بعد متعلقہ افسران کو فوری کارروائی کی ہدایت کی اور کہا کہ تاجر برادری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
ڈی آئی جی نے زور دیا کہ ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے لیے کیمونٹی شراکت داری ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "تاجر برادری ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر نظام کو شفاف اور مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔”
مارکیٹ نمائندوں نے یقین دہانی کروائی کہ وہ اپنی مارکیٹ ایریاز میں ٹریفک پولیس سے مکمل تعاون کریں گے اور مسائل کے حل کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنائیں گے۔
آخر میں ڈی آئی جی نے کہا کہ کراچی ٹریفک پولیس عوام کے سفر کو آسان اور محفوظ بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، اور کیمونٹی کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
