کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کی زیر صدارت چیئرمین ہیومن رائٹس سندھ اقبال احمد ڈیتھو کے خلاف شکایت کی سماعت کے لیے صوبائی کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں شکایت کنندہ اور اقبال ڈیتھو دونوں کے مؤقف سنے گئے۔
اجلاس کا ایجنڈا واضح تھا کہ اقبال احمد ڈیتھو کے خلاف پیش کی گئی شکایت کی غیرجانبدارانہ سماعت کی جائے اور درکار صورت میں انہیں عہدے سے برطرف کرنے کا فیصلہ کیا جائے۔ اجلاس میں تمام قانونی و آئینی قواعد و ضوابط کی مکمل پاسداری کی گئی۔
شکایت کنندہ کو اجلاس میں اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دیا گیا، جس کے بعد انہیں روانہ کر دیا گیا۔ بعد ازاں اقبال احمد ڈیتھو سے منسوب الزامات پر ان کا مؤقف بھی سنا گیا۔
وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے بتایا کہ اجلاس میں پیش کردہ نکات پر مکمل غور کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا گیا ہے، جس کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تفصیلی فیصلہ تحریری طور پر جاری کیا جائے گا۔
ضیاء الحسن لنجار نے مزید کہا کہ ہیومن رائٹس سے متعلق معاملات پر شکایات کا غیرجانبدارانہ اور شفاف فیصلہ حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے۔
اجلاس میں صوبائی وزیر مکیش کمار چاؤلہ، وزیر اعلیٰ سندھ کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق ڈاکٹر عائشہ دھاریجو، نیشنل کمیشن آف ہیومن رائٹس کے ممبران، سیکریٹری قانون، ایڈوکیٹ جنرل، سیکریٹری آئی این سی، ایس جی اے اینڈ سی ڈی، اور چیئرپرسن سی ایم انسپیکشن ٹیم نے شرکت کی۔
