کراچی: کرغزستان کے اعلیٰ سطحی سرکاری وفد نے آج کراچی کا دورہ کیا، جہاں سندھ کے وزیر توانائی، منصوبہ بندی و ترقیات سید ناصر حسین شاہ نے پرتپاک استقبال کیا اور سندھ حکومت کی جانب سے خیرمقدمی کلمات پیش کیے۔
ٹرمپ کا خالصتان رہنما کو خط منظرعام پر، بھارت کو عالمی سطح پر سفارتی جھٹکا
کرغزستانی وفد کی قیادت منسٹر کیبنٹ کے ڈپٹی چیئرمین ایڈل بیسالوف (Edal Baisalov) کر رہے تھے۔ وفد اور سندھ حکومت کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، تجارتی تعاون، توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سید ناصر حسین شاہ نے کرغزستانی وفد کو سندھ میں توانائی کے شعبے بالخصوص قابل تجدید توانائی، سولر پارکس، ونڈ انرجی اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈلز کے حوالے سے موجود مواقع سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول موجود ہے۔
انہوں نے کرغزستانی سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ وہ سندھ میں توانائی سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کریں، جہاں قدرتی وسائل اور سرمایہ کار دوست پالیسیز ان کے لیے وسیع امکانات پیدا کرتی ہیں۔
کرغزستانی وفد نے سندھ حکومت کی سرمایہ کاری کی پالیسیوں کو سراہا اور مختلف شعبہ جات میں تعاون بڑھانے میں دلچسپی ظاہر کی۔ وفد نے سندھ کے مختلف سیکٹرز کا جائزہ لینے اور مستقبل میں مشترکہ منصوبوں پر کام کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط کو وسعت دینے اور توانائی کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون کے نئے دروازے کھولنے کی جانب ایک مثبت پیش رفت قرار دی گئی۔
