


کراچی: ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے ڈسٹرکٹ سینٹرل کے علاقے یوسف پلازہ میں واقع المحسن امام بارگاہ کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو کا المحسن امام بارگاہ کا دورہ، سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ
اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈی آئی جی ویسٹ عرفان علی بلوچ اور ایس ایس پی سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی بھی موجود تھے۔ پولیس چیف نے امام بارگاہ کے منتظمین سے ملاقات کی اور انتظامیہ سے سیکیورٹی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ایڈیشنل آئی جی نے امام بارگاہ کے اطراف میں تعینات سیکیورٹی اہلکاروں کو ہدایت کی کہ سیکیورٹی پلان کے تحت فول پروف اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے، اور اس حوالے سے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
