صدر آصف علی زرداری کا ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ، پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو زبردست خراجِ تحسین

اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اسلام آباد میں واقع ایئر ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے اہم ملاقات کی۔ دورے کا مقصد پاکستان کی فضائی سرحدوں کے دفاع میں پاک فضائیہ کی شاندار کامیابیوں اور بھارتی جارحیت کے خلاف فیصلہ کن ردعمل پر افسران و جوانوں کی حوصلہ افزائی تھا۔

کور کمانڈر لاہور کی فارمن کرسچن کالج یونیورسٹی آمد، ’’آپریشن بنیان مرصوص‘‘ اور حالیہ جنگ پر سیر حاصل گفتگو

صدر مملکت کی آمد پر پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔

پاک فضائیہ کی مکمل آپریشنل تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ

ملاقات کے دوران ایئر چیف مارشل نے صدر کو پاک فضائیہ کی موجودہ آپریشنل حکمتِ عملی، فورس اسٹرکچر، تزویراتی اہداف، اور مستقبل کی جنگوں کے تناظر میں جاری منصوبہ بندی پر تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاک فضائیہ نے پہلی بار فل اسپیکٹرم آپریشنز کیے، جن میں خلائی، سائبر اور الیکٹرانک وار فیئر کو مؤثر انداز میں مربوط کیا گیا۔ جدید اور انقلابی ٹیکنالوجی کے استعمال نے حالیہ جنگ میں فتح کی بنیاد رکھی۔

صدر مملکت کا افسران و جوانوں کو خراجِ تحسین

صدر زرداری نے پاک فضائیہ کے افسران و اہلکاروں کی پیشہ وارانہ مہارت، غیر متزلزل عزم اور بے مثال جذبے کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا:

"پاک فضائیہ نے بھارتی جارحیت کا بروقت اور سخت جواب دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔”

انہوں نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدبرانہ قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی سربراہی میں پاک فضائیہ نہ صرف جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہوئی بلکہ خطے میں طاقت کا توازن بھی ازسرنو ترتیب پایا۔

نیشنل آئی ایس آر اور انٹیگریٹڈ ایئر آپریشنز سینٹر کا دورہ

بعد ازاں، صدر مملکت نے نیشنل آئی ایس آر (Intelligence, Surveillance & Reconnaissance) اور انٹیگریٹڈ ایئر آپریشنز سینٹر کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں پاک فضائیہ کی مجموعی آپریشنل صلاحیتوں سے آگاہ کیا گیا۔

صدر نے حکومت کی جانب سے پاک فضائیہ کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی اور دفاع وطن کے مقدس فریضے میں پاک فضائیہ کے کردار پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

52 / 100 SEO Score

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!