کراچی: ایران پر اسرائیلی حملوں کے بعد مشرق وسطیٰ کی بگڑتی صورتحال نے پاکستان اسٹاک مارکیٹ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ کاروباری ہفتے کے آخری روز مارکیٹ کا آغاز ہی 1400 پوائنٹس کی مندی سے ہوا، اور دن بھر کی تجارت میں 1947 پوائنٹس کی بھاری گراوٹ دیکھی گئی۔
ایران کا اسرائیل پر جوابی ڈرون حملہ، بن گوریان ایئرپورٹ بند، اسرائیل میں ہنگامی حالت
کاروباری دن کے دوران 100 انڈیکس 124,000 اور 123,000 کی دو اہم نفسیاتی حدیں بھی کھو بیٹھا، اور مارکیٹ 122,147 پوائنٹس پر بند ہوئی۔
اس مندی کی ایک بڑی وجہ بجٹ میں شیئرز کی خریداری سے متعلق نئی شرط کو بھی قرار دیا جا رہا ہے، جس کے تحت سرمایہ کاروں کو اب فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) میں اپنی اہلیت بھی ثابت کرنا ہوگی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسٹاک مارکیٹ 124,093 پوائنٹس پر بند ہوئی تھی۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ جغرافیائی سیاسی تناؤ اور حکومتی پالیسیوں میں غیر یقینی صورتحال نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو شدید متاثر کیا ہے۔