وزیراعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابو ظہبی کے فرمانروا شیخ محمد بن زاید النہیان کی دعوت پر ایک روزہ سرکاری دورے پر ابو ظہبی پہنچ گئے۔ ان کا البطین ہوائی اڈے پر پرتپاک استقبال کیا گیا، جہاں شیخ طحنون بن زاید النہیان نے انہیں خوش آمدید کہا اور صدارتی محل لے گئے۔
استقبالیہ تقریب میں یو اے ای سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری جنرل علی احمد الشمسی، پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی اور دیگر سفارتی اہلکار بھی موجود تھے۔
وزیراعظم متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید سے اہم ملاقات کریں گے۔ ان کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد موجود ہے، جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحٰق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر داخلہ محسن رضا نقوی، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی شامل ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مستحکم کرنے، اقتصادی و تجارتی روابط کو وسعت دینے اور کثیرالجہتی تعاون کو فروغ دینے کا باعث بنے گا۔
یاد رہے، وزیراعظم اس سے قبل ترکیہ، ایران، آذربائیجان، تاجکستان اور سعودی عرب کے دورے کر چکے ہیں، جہاں انہوں نے علاقائی کشیدگی کے تناظر میں اہم سفارتی ملاقاتیں کیں۔
