دبئی میں وزیراعظم شہباز شریف سے معروف امریکی کاروباری شخصیت اور سرمایہ کار جینٹری بیچ نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کی بدولت شرح سود میں کمی آئی ہے جس سے کاروبار میں سہولت پیدا ہوئی ہے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان دہائیوں پر محیط تعلقات ہیں، اور پاکستان کی حکومت دونوں ممالک کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔
ایڈ شیرین اور ارجیت سنگھ کا جیان گنج میں منفرد دن: سادگی اور دوستی کے چرچے
جینٹری بیچ نے وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان کے معاشی استحکام کی تعریف کی اور اپنے حالیہ دورہ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے حکومت کی پالیسیوں کو کاروبار و سرمایہ کاری کے لیے موزوں قرار دیا۔ انہوں نے پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری کے منصوبوں پر جلد عمل درآمد کے خواہاں ہیں۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف اس وقت متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم کی دعوت پر ورلڈ گورنمنٹس سمٹ میں شرکت کے لیے یو اے ای میں موجود ہیں۔ وزارت خارجہ کی جانب سے اتوار کو جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ شیخ محمد بن راشد المکتوم کی سربراہی میں ہونے والا اجلاس گورننس، اختراعات اور بین الاقوامی تعاون کے مستقبل پر تبادلہ خیال کرے گا، جس میں مختلف ریاستوں کے سربراہان، عالمی پالیسی سازوں اور نجی شعبے کے سرکردہ رہنماؤں کو مدعو کیا گیا ہے۔
