کراچی (تشکر نیوز): کراچی کے علاقے لیاری میراں ناکا کے قریب ایک گھر میں گیس سلنڈر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں 10 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ دھماکے کی آواز نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔
نبی بخش پولیس کی کارروائی: جعلی پولیس کانسٹیبل گرفتار
پولیس حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب کھانے کے لیے رکھا ہوا گیس سلنڈر اچانک دھماکے سے پھٹ گیا۔ زخمیوں میں 5 بچے، 3 خواتین اور 2 مرد شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر سول اسپتال کے برنس وارڈ میں منتقل کیا گیا۔ خوش قسمتی سے تمام زخمی اب خطرے سے باہر ہیں اور انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
زخمیوں کی شناخت 25 سالہ کنول، 25 سالہ سراج، 14 سالہ عادل، 60 سالہ منیر، ایک سالہ وارث، ایک سالہ اریبہ، 4 سالہ ایزل، 34 سالہ حنا، 16 سالہ عبدالرزاق اور دیگر کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ ناقص اور غیر معیاری سلنڈر کی وجہ سے ممکنہ طور پر گیس لیک ہو رہی تھی، جو دھماکے کا سبب بنی۔ حکام نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور معیاری سلنڈر استعمال کرنے کی اپیل کی ہے۔