کراچی پولیس آفس (KPO) میں ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کی زیر صدارت کرائم کنٹرول اور ٹریفک مینجمنٹ کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں زونل ڈی آئی جیز، ڈی آئی جی ٹریفک، ضلعی ایس ایس پیز، ایس پیز ٹریفک اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں زونل ڈی آئی جیز نے اپنے زونز کی کارکردگی پر بریفنگ دی، جبکہ ڈی آئی جی ٹریفک نے موجودہ حکمت عملی سے آگاہ کیا۔ اجلاس کے دوران رواں سال کے جرائم، امن و امان، اور ٹریفک حادثات کی صورتحال پر تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
پولیس چیف نے جرائم کے سدباب کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ترجیحی بنیادوں پر کارروائیوں کو تیز کرنے، اہم مقدمات کے ملزمان کی فوری گرفتاری، اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کے احکامات جاری کیے۔
انہوں نے اسنیپ چیکنگ، پیٹرولنگ میں اضافے، اور ہوائی فائرنگ کے خلاف سخت اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت دی۔