سائفر کیس میں فرد جرم کیخلاف عمران خان کی حکم امتناع کی استدعا مسترد

تشکُّر نیوز رپورٹنگ،

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفر کیس ٹرائل میں 12 دسمبر کے حکم کیخلاف وفاق کو نوٹس جاری کردیئے

اسلام آباد ( 28 دسمبر 2023ء ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفر ٹرائل میں فرد جرم کے خلاف سابق وزیراعظم عمران خان کی حکم امتناع کی استدعا مسترد کر دی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں سائفر کیس کی سماعت کے 12 دسمبر آرڈر کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی درخواست پر سماعت ہوئی جہاں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی، عمران خان کے وکیل محمد عثمان ریاض گل عدالت کے سامنے پیش ہوئے، پانی پی ٹی آئی کی بہنیں کمرہ عدالت پہنچیں، اٹارنی جنرل منصور اعوان بھی عدالت میں پیش ہوئے۔بتایا گیا ہے کہ سماعت کے آغاز پر جسٹس میاں گل حسن نے استفسار کیا کہ ’آپ کا نکتہ کیا ہے؟‘ جس پر عمران خان کے وکیل عثمان گل نے بتایا کہ ’نکتہ یہ ہے کہ فرد جرم سے پہلے قانونی طریقہ کار مکمل نہیں کیا گیا، جج نے جس نوٹیفکیشن کا حوالہ دیا وہ یکم دسمبر کا ہے اور سائفر ٹرائل روزانہ کی بنیاد پر چل رہا ہے‘۔

 

 

اس موقع پر عدالت نے دریافت کیا کہ ’اب تک کتنے گواہان کے بیانات مکمل ہو چکے ہیں؟‘ وکیل نے جواب دیا کہ ’مجموعی طور پر 27 گواہان میں سے 25 کے بیانات اور تین کی جرح مکمل ہوئی ہے‘ اسی دوران عمران خان کے وکیل نے سائفر ٹرائل پر حکم امتناع کی استدعا کی جس کو عدالت نے مسترد کردیا، جسٹس میاں گل حسننے ریمارکس دیئے کہ ’پہلے نوٹس ہوں گے، آئندہ سماعت پر سائفر ٹرائل سے متعلق تمام ضروری دستاویزات جمع کرائیں‘۔بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد سائفر کیس کے ٹرائل میں فرد جرم کے خلاف عمران خان کی حکم امتناع کی استدعا مسترد کردی، عدالت نے سائفر کیس ٹرائل میں 12 دسمبر کے حکم کیخلاف پاکستان تحریک انصاف کے قائد کی درخواست پر وفاق کو نوٹس جاری کر دیئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!