تشکر نیوز: سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد نے کہا ہے کہ واٹر کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری اور انتظامیہ کی جانب سے کی جانے والی تمام اصلاحات اور اقدامات شہریوں کے وسیع تر مفاد اور ادارے کے ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ واٹر کارپوریشن مختلف چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے آمدنی پیدا کرتا ہے اور نان ریونیو کے مسائل کی وجہ سے اپنی ریونیو جنریشن کو مزید بہتر بنانے میں مشکلات کا سامنا کر رہا ہے۔
پاک بحریہ کا کینیا کے شہر ممباسا میں فری میڈیکل کیمپ، مقامی حکام کا پرتپاک استقبال
انھوں نے کہا کہ آر آر جی ڈپارٹمنٹ کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے پرفارمنس بیس کنٹریکٹ فراہم کیا جائے گا اور اس کے تحت چار مختلف کلسٹرز میں افرادی قوت فراہم کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ آر آر جی ڈپارٹمنٹ کے افسران و ملازمین اور پرفارمنس بیس کنٹریکٹ کے تحت تمام ٹیمیں مل کر کام کریں گی۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ آر آر جی ڈپارٹمنٹ سے کسی بھی افسر یا ملازم کو فارغ نہیں کیا جائے گا اور واٹر کارپوریشن کو کسی بھی صورت پرائیویٹ نہیں کیا جائے گا۔
ملاقات کے دوران، ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں نے واٹر کارپوریشن کی بہتری کے لیے اپنی سفارشات پیش کیں اور میڈیکل ڈپارٹمنٹ سمیت آر آر جی ڈپارٹمنٹ کو آؤٹ سورس کرنے کے بارے میں اپنے خدشات کا اظہار کیا۔ سی ای او نے رہنماؤں کو یقین دہانی کروائی کہ میڈیکل ڈپارٹمنٹ میں انشورنس کے تحت بہتری لانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ ملازمین کو بہترین علاج کی سہولت فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ واٹر کارپوریشن کی ماہانہ آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ کرنے اور واجبات کی وصولی میں بہتری لانے کے لیے اصلاحات کی جا رہی ہیں۔ اس مقصد کے تحت ادارے کے واجبات کی وصولی میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے گا جو ملازمین کی فلاح و بہبود اور شہریوں کو بہتر پانی کی فراہمی اور نکاسی کے لیے خرچ کیے جائیں گے۔ سی ای او نے بتایا کہ واٹر کارپوریشن کے مختلف اداروں پر پانی کے بلوں کی مد میں 52 ارب روپے سے زائد واجبات ہیں جو 2016 سے ادا نہیں کیے جا رہے، اور یہ رقم جلد از جلد وصول کرنا ضروری ہے تاکہ ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کی جا سکے۔
رہنماؤں نے سی ای او کی جانب سے کیے جانے والے اصلاحات کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ وہ شہر میں فراہمی و نکاسی آب کی بہتری اور ادارے کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور تعاون فراہم کریں گے۔