کراچی: جامعہ این ای ڈی کے ڈائریکٹریٹ آف انڈسٹریل لائژن کے زیر اہتمام ایک روزہ کیریئر فئیر 2024 کا انعقاد کیا گیا، جس میں 40 سے زائد صنعتوں نے طلبہ کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے اسٹالز لگائے۔
لاہور: سابق ٹیسٹ کرکٹر نذیر جونیئر انتقال کرگئے
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الجامعہ این ای ڈی پروفیسر ڈاکٹر سروش لودھی نے کہا کہ ملکی مسائل کی شدت کے پیش نظر ہمیں انفرادی اور اجتماعی سطح پر نوجوانوں کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی خوش قسمتی ہے کہ صنعتیں خود روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے جامعہ میں آئی ہیں۔
ڈاکٹر سروش نے مزید کہا کہ اکیڈمیا، انڈسٹری اور طلبہ کے تعاون کا مقصد بے روزگاری کا خاتمہ اور نوجوانوں کے لیے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کیریئر فئیر کو اکیڈمیا اور انڈسٹری کے درمیان فاصلے کم کرنے کی اہم کاوش قرار دیا۔
ڈائریکٹریٹ آف انڈسٹریل لائژن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر علی ذوالقرنین نے اس موقع پر اپنی ٹیم اور شریک صنعتوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ این ای ڈی سے مطلوبہ قابلیت رکھنے والے نوجوان انجینئرز صنعتوں کا حصہ بنیں۔
فئیر میں شریک صنعتوں کے ماہرین نے اسے روزگار کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا۔ اختتام پر ڈاکٹر علی ذوالقرنین نے شیخ الجامعہ اور دیگر معززین کو مختلف اسٹالز کا دورہ کروایا۔