کراچی: اینٹی تھیفٹ سیل واٹر کارپوریشن نے پاکستان رینجرز کے ہمراہ نیو کراچی انڈسٹریل ایریا سیکٹر 6 میں پانی چوروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی ہائیڈرنٹ کو مسمار کردیا۔ حکام کے مطابق، پانی چوروں نے نیو کراچی انڈسٹریل ایریا کی 6 اور 8 انچ کی لائنوں سے دو غیر قانونی کنکشن لگائے ہوئے تھے، جنہیں منقطع کر دیا گیا۔
غیر قانونی کنکشن کی وجہ سے نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں پانی کی فراہمی متاثر ہو رہی تھی۔ تاہم، غیر قانونی کنکشن منقطع ہونے کے بعد پانی کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔ حکام نے مزید بتایا کہ واٹر ٹینکر کے ساتھ بھاری مشینری اور غیر قانونی ہائیڈرنٹ میں استعمال ہونے والے دیگر سامان کو بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ پانی چوروں کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ تھانے میں رجوع کیا گیا ہے۔
