تشکر نیوز: ڈائریکٹر جنرل انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اینڈ ریسرچ اینالیسس (ISSRA) میجر جنرل محمد رضا ایزد کی قیادت میں 26ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔
پی اے ایف اور چینی فضائیہ کی مشق پاک فضائیہ کی آپریشنل بیس پر منعقد
دورے کے دوران ورکشاپ کے شرکاء کو جدید میری ٹائم چیلنجز اور ان سے نمٹنے کے لیے پاک بحریہ کی حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ شرکاء کو میری ٹائم سیکٹر اور ساحلی برادری کی سماجی و اقتصادی ترقی میں پاک بحریہ کے کردار سے بھی آگاہ کیا گیا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے بھی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کیا۔
نیول چیف نے خطاب میں میری ٹائم سکیورٹی اور بلیو اکانومی میں پاکستان کی ترقی کے امکانات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرولز، کوسٹل سکیورٹی، اور ہاربر ڈیفنس جیسے اقدامات کے ذریعے میری ٹائم سکیورٹی میں پاک بحریہ کی کوششوں کو اجاگر کیا۔
وفد کے شرکاء میں اراکین پارلیمنٹ، سیاستدان، بیوروکریٹس، مسلح افواج کے افسران اور سول سوسائٹی کے نمائندے شامل تھے۔ شرکاء نے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا اور قیمتی تجاویز پیش کیں۔