اسلام آباد، 5 نومبر 2024: پاک بحریہ کے جنگی جہاز پی این ایس ذوالفقار نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول کے دوران جبوتی کی بندرگاہ کا دورہ کیا، جہاں اس کا پرتپاک استقبال جبوتی بحریہ کے حکام نے کیا۔ بندرگاہ پر قیام کے دوران، پی این ایس ذوالفقار کے کمانڈنگ آفیسر نے جبوتی کی اعلیٰ عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں اور دوطرفہ بحری تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا۔
پاکستان اور جبوتی کی بحری افواج کے مابین تعلقات مشترکہ سمندری مفادات کی بنیاد پر قائم ہیں اور یہ برادر ممالک کے درمیان مضبوط سفارتی اور عسکری تعلقات کی عکاسی کرتے ہیں۔ قیام کے دوران، ذوالفقار کے عملے نے جبوتی بحریہ اور کوسٹ گارڈز کے ساتھ پیشہ ورانہ امور اور تجربات کا تبادلہ کیا، جبکہ مختلف ممالک کے سفیر، دفاعی اتاشی، اور جبوتی کی اعلیٰ قیادت نے بھی جہاز کا دورہ کیا۔
جبوتی سے روانگی پر، پی این ایس ذوالفقار نے جبوتی کوسٹ گارڈز کے ساتھ مشترکہ مشق کی، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ آپریشنز کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانا اور بحری تعاون کو مستحکم کرنا تھا۔