ڈسٹرکٹ ویسٹ میں پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ویسٹ احمد علی صدیقی نے کواری کالونی میں قائم ایکسپیریمنٹل ڈسپینسری میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ایک خطرناک بیماری ہے جو بچوں کی پوری زندگی کو متاثر کر سکتی ہے، اور والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو ورکرز کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔
خیبر پختونخوا میں ایم پاکس کے 4 مریض صحتیابی کے بعد قرنطینہ سے فارغ
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع میں جاری پولیو مہم کے دوران قطرے پلانے سے انکار کی کوئی گنجائش نہیں ہے، اور اس مہم میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز نے بھی مختلف ڈسپینسریز میں قطرے پلا کر مہم کا آغاز کیا۔
احمد علی صدیقی نے مزید کہا کہ کراچی کے کئی علاقے پولیو وائرس کے حوالے سے ہائی رسک پر ہیں، اس لیے ڈسٹرکٹ ویسٹ کی تمام یونین کونسلز میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ انہوں نے والدین کے عدم تعاون کو اس مرض کے خاتمے میں سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیا اور کہا کہ پولیو کے خاتمے تک ضلعی انتظامیہ اپنی کوششیں جاری رکھے گی، اور والدین سے مکمل تعاون کی درخواست کی۔