تشکر نیوز: مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے وائس چیئر مین شوکت اللہ فاروقی نے 6 ستمبر کے دن کو پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس دن پاکستان کی مسلح افواج اور قوم نے بھارتی جارحیت کے خلاف اپنی آزادی اور قومی وقار کے دفاع میں بے مثال جرات اور بہادری کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ 1965 کی جنگ میں بھارتی دشمن کے ناپاک عزائم کو شکست دینے میں پاکستانی قوم کی قربانیوں کا کوئی بھی تعریفی لفظ کم ہے۔
شوکت اللہ فاروقی نے کہا کہ 17 دن جاری رہنے والی اس جنگ میں پاکستان کی فوج عددی اور جنگی سازوسامان میں کمزور ہونے کے باوجود اپنے حوصلے اور جذبے کی بدولت دشمن پر غالب آئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنگیں ہتھیاروں سے نہیں بلکہ حوصلے اور جذبے سے لڑی جاتی ہیں، اور 1965 کی جنگ اس کی واضح مثال ہے۔
انہوں نے بتایا کہ قوم اور مسلح افواج کی یکجہتی اور اتحاد نے دشمن کو شکست دینے میں اہم کردار ادا کیا، جس کی بدولت دشمن کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ شوکت اللہ فاروقی نے خبردار کیا کہ دشمن ہماری کامیابی سے بخوبی آگاہ ہے اور اب ہماری یکجہتی کو نقصان پہنچانے کی سازشیں کر رہا ہے۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ متحد اور منظم انداز میں دشمن کی سازشوں کو ناکام بنائیں تاکہ ملک میں امن و امان قائم رہے۔