تشکر نیوز: محکمہ تعلیم سندھ نے سرکاری اسکولوں سے غیر حاضر ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ نے تمام ڈسٹرکٹ اور تعلقہ ایجوکیشن افسران کو دو روز میں غیر حاضر اساتذہ کی حتمی لسٹ فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ یہ فیصلہ غیر حاضر ملازمین کی جانب سے بار بار وارننگ کے باوجود اپنے دفاتر سے غیر حاضری اور متعلقہ افسران سے رابطہ نہ کرنے کے بعد کیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی
محکمہ تعلیم سندھ نے ایف آئی اے کے ذریعے بیرون ملک مقیم ملازمین کا ڈیٹا حاصل کیا تھا، جس سے ظاہر ہوا کہ غیر حاضر اساتذہ اور ملازمین سالوں سے گھر بیٹھے تنخواہیں وصول کر رہے ہیں۔ محکمہ تعلیم کے مانیٹرنگ سیل اور ایف آئی اے کی مدد سے ان غیر حاضر ملازمین کا پتہ لگایا گیا ہے۔ بعض ملازمین نے جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹس جمع کر کے غیر حاضری کو جائز قرار دینے کی کوشش کی تھی۔
یہ اقدام محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے ادارے کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور وسائل کے غیر مناسب استعمال کو روکنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ فارغ کیے جانے والے ملازمین کی فہرست جلد ہی جاری کی جائے گی، اور ان کے خلاف مزید قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔