کراچی، 16 اگست 2024: محکمہ تعلیم سندھ کے زیر اہتمام کراچی کے ضلع ملیر میں ایڈمیشن ڈرائیو کے حوالے سے آگاہی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی گورنمنٹ رزاق آباد کالج سے گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول رزاق آباد تک نکالی گئی، جس میں صوبائی وزیر تعلیم و ترقی معدنیات سندھ سید سردار علی شاہ، سیکریٹری تعلیم زاہد علی عباسی، ملیر کے منتخب نمائندے، سلیم بلوچ، ایم پی اے ساجد جوکھیو، ایم پی اے راجا رزاق، پیپلز پارٹی کے رہنما، یونیسف اور جائکا سمیت دیگر عالمی اداروں کے نمائندگان اور علاقے کی معزز شخصیات نے شرکت کی۔
پی این ایس حنین کا ترکیہ کا دورہ اور ترک بحریہ کے ساتھ مشترکہ مشق TURGUTREIS میں شرکت
ریلی کے شرکاء نے تعلیم کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے تعلیم دوست نعرے لگائے اور عوام میں شعور بیدار کیا۔ صوبائی وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے طلبہ، اساتذہ اور دیگر شرکاء کے ہمراہ ریلی میں بھرپور شرکت کی۔
اس موقع پر سردار علی شاہ نے کہا کہ پاکستان کا آئین تعلیم کو بنیادی حق تسلیم کرتا ہے، اور 6 سے 15 سال کی عمر کے بچوں کو تعلیم فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو اسکولز میں داخل کروائیں۔
سردار علی شاہ نے مزید کہا کہ اس سال سرکاری اسکولوں میں نئے داخلوں کا ہدف 8 سے 9 لاکھ رکھا گیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سندھ میں اس وقت کوئی اسکول استاد کی کمی کی وجہ سے بند نہیں ہے اور اچھے استاد فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کے اعتماد سے سندھ میں 60 ہزار بھرتیاں میرٹ پر کی گئی ہیں، اور جلد سائنس اور میوزک اساتذہ کی بھرتیوں کا بھی اعلان کیا جائے گا۔
مزید برآں، صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ اساتذہ کی حاضری یقینی بنانے کے لیے مانیٹرنگ کا نظام مضبوط کیا گیا ہے، اور غیر حاضر اساتذہ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے اسکولوں میں درخت لگانے کی مہم کا بھی آغاز کیا اور اعلان کیا کہ ہر ہیڈ ماسٹر کی کارکردگی میں درخت لگانا شامل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ چیلنجز کے باوجود 138 تحصیلوں میں درسی کتب پہنچا دی گئی ہیں اور اسکولوں کی سولرائزیشن کے منصوبے پر کام جاری ہے۔