پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آج بھی مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
تشکر نیوز کے مطابق ترجمان صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بتایا کہ پنجاب بھر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔
راولپنڈی: بجلی، مہنگائی کیخلاف جماعت اسلامی کا دھرنا جاری، مذاکرات کا دوسرا دور شروع نہ ہوسکا
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ مون سون بارشوں کا اسپیل 31 جولائی تک جاری رہنے کی توقع ہے، مزید کہا کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں لاہور، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانولہ، فیصل آباد اور راولپنڈی میں مون سون بارشیں متوقع ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ نارمل لیول پر ہے، دریائے سندھ، چناب، راوی، جہلم اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل لیول پر ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ منگلا ڈیم 58 فیصد اور تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 70 فیصد تک ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ملک بھر کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے جل تھل ایک ہوگیا، کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے تھے جبکہ راولپنڈی سمیت دیگر شہروں میں طوفانی بارشوں کے باعث رین ایمرجنسی بھی نافذ کردی گئی تھی۔
موسلادھار بارشوں کے باعث اسلام آباد کی گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگی تھیں جبکہ ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
گولڑہ میں بھی موسلادھار بارش کے موسم بہتر ہوگیا تھا، مری روڈ پر لینڈ سلائڈنگ سے 6 افراد زخمی ہوگئے تھے، مری میں لینڈ سلائڈنگ سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں جبکہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اربن فلڈ کا خدشہ ظاہر اور انتظامیہ نے رین ایمرجنسی نافذ کردی تھی۔
علاوہ ازیں خیبرپختونخوا کے شہر ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں بھی طوفانی بارشوں کے بعد ندی نالے بپھر گئے تھے، بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، ضلعی انتظامیہ نے وادی کاغان سمیت بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے سیاحوں کو لینڈ سلائیدنگ والے مقامات سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔