وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بشام میں دہشت گردی کے واقعے کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بنائی جائے گی، کیونکہ اس میں چینی باشندوں کو ٹارگٹ کیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہرمشکل میں چین نے پاکستان کی بھرپور مددکی، دشمن پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ سی پیک سے لوگوں کو ذریعہ معاش بھی ملے گا، لوگوں کو نوکریاں بھی ملیں گی، مہنگائی میں کمی ہوگی، نواز شریف کے دور میں سی پیک کے تحت 64 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آئی، جس سے معاشی نمو میں اضافہ ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کو دیرینہ دوست ہے، یہی وجہ ہے کہ جب چینی باشندوں پر یہ افسوسناک حملہ کیا گیا، وزیراعظم نے تمام مصروفیات ترک کرکے چینی سفارتخانے کا دورہ کیا، چینی سفیر سے اظہار افسوس کیا، اور اس افسوس ناک واقعے کی مذمت کی بلکہ تحقیقات کے حوالے سے یقینی دہانی کروائی کہ یہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے پُرعزم ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پاک فوج ہو، سیکیورٹی ایجنسیز ہوں، وہ مکمل طور پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جتی ہوئی ہیں، کل چینی سفیر کے ذریعے چینی قیادت کو بھی اظہار افسوس کا پیغام بھجوایا گیا اور یقین دہانی کروائی کہ حکومت پاکستان دہشت گردی کی اس جنگ میں ان واقعات کے خلاف اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی اور اس کو جڑ سے اکھاڑنے میں پاکستان پوری طرح پُرعزم ہے۔
’پاک-چین لازول دوستی قائم رہے گی‘
ان کا کہنا تھا کہ پاک۔چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی پاکستان کے دشمنوں کی جو سازش ہے، وہ ناکام ہو گی اور پاک-چین لازول دوستی قائم رہے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت آج وزیراعظم نے کی، جس میں وفاقی وزرا کے علاوہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، چیف سیکریٹریز، آئی جیز شریک ہوئے۔