متحدہ عرب امارات میں موسلادھار بارشیں‘ آن لائن کلاسز کا اعلان

 متحدہ عرب امارات میں شدید بارشوں کے باعث طالب علموں کے لیے آن لائن کلاسز کا اعلان کردیا گیا۔ خلیج ٹائمز کے مطابق راس الخیمہ میں حکام نے غیر مستحکم موسمی حالات کی وجہ سے سرکاری اسکولوں کو جمعہ 17 نومبر کو آن لائن کلاسز کی ہدایت کی ہے، امارات کی ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیم نے کہا کہ ’موسم کی خراب صورتحال کے باعث طلباء اس دن اپنے گھروں میں رہتے ہوئے تعلیم حاصل کریں گے‘، تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں کہ آیا پرائیویٹ اسکول بھی اس کی پیروی کریں گے۔

بتایا گیا ہے کہ موسمیات کے قومی مرکز (این سی ایم) نے جمعرات کی سہ پہر راس الخیمہ میں شدید بارش کی اطلاع دی ہے، جس کے پیش نظر راس الخیمہ کی کرائسس مینجمنٹ ٹیم نے بھی حکام کے لیے ہائی الرٹ جاری کیا، جس کا مقصد یہ یقینی بنانا تھا کہ عوام کی روز مرہ کی اہم خدمات میں خلل نہ پڑے، اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات کی وزارت داخلہ نے بھی ایک ایڈوائزری جاری کی، جس میں رہائشیوں سے کہا گیا کہ وہ سڑکوں پر گاڑیوں کی رفتار کم رکھیں، ساحلی اور سیلاب زدہ علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔

 

 

معلوم ہوا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے نئے قوانین نافذ کیے ہیں جو بارشوں اور خراب موسم کے دوران سیلاب زدہ وادیوں یا ڈیموں کے قریب جمع ہونے یا ان میں داخل ہونے سے منع کرتے ہیں، اب ایسا کرنے پر 2 ہزار درہم تک کے جرمانے، 23 بلیک پوائنٹس اور 2 ماہ کے لیے گاڑی کی ضبطگی ہوگی۔ بتایا جارہا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں بارشوں کا موجودہ سپیل بمشکل ایک ہفتہ بعد ہی دوبارہ آیا ہے جب ملک میں مسلسل 28 دن تک مختلف شدت کی بارشیں ہوئی تھیں، 27 اکتوبر کو غیر مستحکم موسمی حالات پر کئی نجی اسکول اور تمام سرکاری اسکول آن لائن کلاسز پر منتقل ہوگئے تھے جب کہ گزشتہ روز بھی شدید بارش نے کچھ اسکولوں کو کلاسز جلد ختم کرنے پر مجبور کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!