کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ہل پارک کے اطراف جاری مبینہ غیر قانونی تعمیراتی سرگرمیوں کا نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
سی ٹی ڈی سندھ کی ریڈ بک کا نیا ایڈیشن جاری، انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی تفصیلات شامل
بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ترجمان کے مطابق عوامی شکایات موصول ہونے پر میئر کراچی کی ہدایت پر ایک ہفتہ قبل ہی تعمیراتی کام رکوا دیا گیا تھا۔
ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی جانچ کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے نہ تو کسی قسم کی الاٹمنٹ کی گئی اور نہ ہی تعمیراتی اجازت جاری کی گئی تھی۔
میئر کراچی کی ہدایت پر محکمہ لینڈ نے قانونی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے تعمیراتی کام رکوانے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کے لیے پولیس کو مراسلہ بھی ارسال کر دیا ہے۔
ترجمان کے مطابق مبینہ غیر قانونی قبضے اور تجاوزات کی شکایات کے بعد محکمہ انسدادِ تجاوزات، محکمہ پارکس، محکمہ قانون اور محکمہ لینڈ کے افسران کو کارروائی کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
محکمہ لینڈ نے زمین کی ملکیت کی تصدیق کے لیے پی ای سی ایچ ایس سے باضابطہ ویریفکیشن بھی طلب کر لی ہے۔
بلدیہ عظمیٰ کراچی نے واضح کیا ہے کہ سرکاری اراضی پر کسی بھی غیر قانونی قبضے کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ذمہ داران کے خلاف پولیس کو باضابطہ رپورٹ ارسال کر دی گئی ہے۔
